انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایرانی وزیر خارجہ کے ڈپٹی کے ساتھ ملاقات کو بروقت قرار دیا

لندن (ارنا) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران کے قانونی امور کے نائب وزیر کاظم غریب آبادی کے ساتھ ویانا میں ہونے والی ملاقات کو بروقت قرار دیا اور کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی اور ایران کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

رافائیل گروسی نے پیر کے روز سوشل نیٹ ورک ایکس پر شائع ہونے والے ایک پیغام میں کہا کہ "ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کے ساتھ ملاقات بروقت تھی۔"

انہوں نے کہا کہ "ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی پرامن نوعیت کے بارے میں قابل اعتماد یقین دہانیاں فراہم کرنے کے لیے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔"

چند گھنٹے قبل، غریب آبادی نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر ایک پیغام میں، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ملاقات کو "شفاف اور تعمیری" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "اس ملاقات میں ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون، باقی دو مسائل کے حل، جوہری تنصیبات کی سیکورٹی اور جوہری مسئلے سے متعلق تازہ ترین پیش رفت اور پابندیوں کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا"۔

نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے جو انہیں چند موجودہ اختلافات کو حل کرنے کے قابل بناتی ہے، بشرطیکہ ایجنسی پر بیرونی سیاسی دباؤ ختم ہو اور ایجنسی ایک آزاد، تکنیکی، غیر جانبدارانہ اور پیشہ ورانہ انداز اپنائے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ "اپنی سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے، ایران ایجنسی کے ساتھ اپنی حفاظتی ذمہ داریوں کے فریم ورک کے اندر تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔"

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .